لکھنؤ، 19؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )بی جے پی نے کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کے کسان پریم کو ڈھونگ بتاتے ہوئے آج کہا کہ کانگریس کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہی کسان مقروض اور غریب ہیں۔بی جے پی کے اترپردیش کے صدر کیشو پرساد موریہ نے راہل کے کسان پریم کو ڈھونگ بتاتے ہوئے طنز کساکہ پچاس سالوں سے زیادہ ملک اور ریاست میں حکومت کرنے والی کانگریس کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں کسان مقروض اور غریب ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کی پالیسیوں کی وجہ سے ہی ملک کے لاکھوں ، کروڑوں روپے کی کالی کمائی لوگوں نے ملک کے باہر کے بینکوں میں جمع کرا دی۔راہل کا آج کسانوں کی بات کرنا ان کا کسان کے مفادات کا خیال رکھنے والا ثابت نہیں کرتا بلکہ گھڑ یالی آنسو بہانے جیسا ہے۔بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی پر الزام لگاتے ہوئے موریہ نے کہا کہ وہ ہوائی لیڈرہیں اور اتر پردیش کی عوام کو صرف ہوائی راستے سے درشن کراتی ہیں اور دوبارہ ہوائی راستے سے ہی واپس چلی جاتی ہیں۔ہوائی لیڈر پورے سماج کا بھلا نہیں کر سکتا۔سماج وادی پارٹی کی اندرونی چپقلش پر موریہ نے کہا کہ سماج وادی پارٹی ریاست کے اقتدار کو ذاتی پراپرٹی مان کر تقسیم کر رہی ہے۔حکومت اور انتظامیہ پوری طرح ٹھپ ہے، عوام پس رہی ہے، لیکن ریاست کی عوام ایس پی کی اس بندربانٹ پر خاموش نہیں رہے گی۔عوام سیفئی خاندان کے اس طرز عمل کو قطعی برداشت نہیں کرے گی۔